22 جولائی ، 2012
اسلام آباد…پاکستان اور امریکا کی خفیہ ایجنسیوں آئی ایس آئی اور سی آئی اے کے سربراہوں کے درمیان ملاقات 2 اگست کو واشنگٹن میں ہوگی۔واشنگٹن کے مضافاتی علاقے لین گلے میں طے ہونے والی ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام سی آئی اے کی ڈائریکٹر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس سے تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے ۔اس موقع پر دفاع اور سیکیورٹی کے معاملات سمیت ڈرون حملوں پر بات ہوگی۔ پاکستان اسامہ بن لادن کے آپریشن سے متاثر ہونے والی اپنی خودمختاری کے معاملے پر بھی بات کرے گا۔ جبکہ امریکا کی جانب سے ڈاکٹر شکیل آفریدی کا معاملہ بھی اٹھائے جانے کا امکان ہے۔ سفارتی ذرائع نے بتایا کہ یہ ملاقات مختلف اداروں بالخصوص راولپنڈی کے جی ایچ کیو اور واشنگٹن کے پینٹاگون کے درمیان مستقبل کے تعلقات کا تعین کرے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ لینگلے ملاقات کا پاک امریکا اسٹرٹیجک مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں۔