11 مارچ ، 2018
اسلام آباد: تحریک انصاف اور بلوچستان کے آزاد سینیٹرز نے صادق سنجرانی کو بطور چیئرمین سینیٹ امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدس بزنجو کی قیادت میں بلوچستان کے آزاد سینیٹرز کا وفد بنی گالہ پہنچا جہاں انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کے لئے پی ٹی آئی اور بلوچستان کے آزاد سینیٹرز کے متفقہ امیدوار صادق سنجرانی اور انوار الحق کاکڑ بھی موجود تھے۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق ملاقات کے دوران صادق سنجرانی کی متفقہ طور پر چیئرمین سینیٹ نامزدگی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کے مستقبل کے لئے محنت کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان سے وعدے کے مطابق پیپلز پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین کی حمایت کریں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت کی ساکھ بچانے کے لئے شریف خاندان کا مقابلہ ضروری ہے اور بلوچ عوام سے احساس محرومی ختم کرنے کے لئے غیرمعمولی اقدامات کرنے ہوں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ عمران خان کے فیصلے سے وفاق اور پاکستان مضبوط ہوگا، پیپلز پارٹی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے اپنا امیدوار نامزد کرے ہم حمایت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں سے رابطوں کے حوالے سے عمران خان کو آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور فاٹا کو اہم عہدے دینے سے احساس محرومی کم ہوگا، چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر بلوچستان کا حق بنتا ہے اور ہم چاہتے ہیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ فاٹا سے ہو۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے بلوچستان کا حق تسلیم کر کے اچھی روایت قائم کی اور حمایت کرنے پر عمران خان کے مشکور ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بھی چیئرمین سینیٹ کے نام کے اعلان کے لئے آج اسلام آباد میں مشاورتی بیٹھک ہوگی جس میں نواز شریف چیئرمین سینیٹ کے لئے اپنے امیدوار کے نام کا اعلان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے چیئرمین سینیٹ کے لئے پیپلز پارٹی کے نومنتخب سینیٹر رضا ربانی کا نام سامنے آیا ہے تاہم پیپلز پارٹی نے اگر انہیں نامزد نہ کیا تو (ن) لیگ اپنے نام کا اعلان کرے گی۔