14 مارچ ، 2018
لاہور کے 2 بھائیوں نے آن لائن ڈیٹا سائنس پراجیکٹ میں 90 فیصد نمبر حاصل کرکے ہارورڈ یونیورسٹی میں دھوم مچادی۔
ڈیٹا سائنس، ریاضی اور معاشیات کا مجموعہ ہے، جس کے ذریعے اعداد وشمار کا تجزیہ کرنا ممکن ہوتا ہے۔
لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن کے رہائشی 20 سالہ طیب اور 19 سالہ طاہر نے امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی سے 6 ماہ کا آن لائن کورس کیا اور پھر فائنل پراجیکٹ میں 90 فیصد نمبر حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کی دھاک بٹھادی۔
ان کے پراجیکٹ کا موضوع امریکا میں آبادی کے لحاظ سے غربت کی شرح کا جائزہ لینا تھا۔
دونوں بھائیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اخراجات مائیکروسافٹ کمپنی نے برداشت کیے۔
نوجوان طاہر نے بتایا کہ اس کورس کے 10 ماڈیولز تھے، جن میں سے فائنل ماڈیول مائیکروسافٹ کا مقابلہ تھا، جس میں پوری دنیا سے 400 کے قریب امیدوار شریک تھے۔
طیب نے بتایا کہ انہیں امریکا کے شماریات بیورو نے ڈیٹا فراہم کیا تھا، جسے استعمال کرکے انہوں نے کورس میں حصہ لیا اور 90 فیصد نمبر حاصل کیے۔
ان ذہین طلبہ نے بتایا کہ انہوں نے یہ کورس آئی سی ایس کے بعد کیا ہے، ان کی ہر جگہ حوصلہ افزائی ہوئی اور وہ اسی فیلڈ میں اپنے ملک کے لیے کچھ کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔
ان طلبہ نے بتایا کہ ان کے پاس آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سیف سٹیز، اسپائی ڈرونز، اور سیلف ڈرائیونگ کاروں سمیت کئی آئیڈیاز ہیں، جن پر وہ ڈیٹا سائنسز کی مدد سے کام کرسکتے ہیں۔
اقبال ٹاؤن کے رہائشی ان طلبہ کا کہنا ہے کہ ان کے والد چھوٹی سے دکان چلاتے تھے، وہ جگر کے کینسر میں مبتلا ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ دونوں بھائی ملازمت کرکے اپنے تعلیمی اور گھریلو اخراجات اٹھا رہے ہیں۔