Time 28 مارچ ، 2018
پاکستان

سکھر میں کھجور گودام کی چھت گرنے سے 12 مزدور جاں بحق


سکھر کے قریب کھجور منڈی گودام کی چھت گرنے سے 12 مزدور جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش کے مطابق مرنے والوں میں سات خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔

‎‏کمشنر سکھر ڈاکٹر عثمان چاچڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گودام کو ایک ماہ قبل سیل کیا گیا تھا اور اسے غیر قانونی طور پر دوبارہ کھولا گیا۔

‎‏ڈاکٹر عثمان چاچڑ نے کہا کہ اگر گودام کو دوبارہ کھولنے میں سرکاری اہلکار ملوث ہوئے تو کارروائی ہوگی۔

کمشنر سکھر کے مطابق گودام مالکان اور گودام کا منشی فرار ہوگئے ہیں، مرنے والے محنت کشوں کو معاوضہ دلانے کی سفارش کریں گے۔

نمائندہ جیو نیوز کے مطابق اس مقام پر غیر قانونی طور پر چھوہارا بھٹی چلائی جارہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ چھوہارا پکانے کے دوران استعمال ہونے والے کیمیکل کی گیس بھٹی میں بھرگئی جس سے دھماکا ہوگیا اور بھٹی کی چھت گرگئی۔

ان کے مطابق دھماکے کے وقت بھٹی میں تقریباً 60 کے قریب محنت کش کام کررہے تھے جو ملبے تلے دب گئے۔

فوج اور رینجرز کے جوانوں نے بھی ریسکیو کے کام میں حصہ لیا۔

گورنر سندھ کا نوٹس

دوسری جانب گورنر سندھ محمد زبیر نے کھجور مارکیٹ سکھر میں چھت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر سکھر سے اس کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

انہوں نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

مزید خبریں :