09 اپریل ، 2025
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف 10 اپریل کو اسلام آباد میں کنونشن اور 13 اپریل کو کراچی میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے امت مسلمہ کے نام اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی دنیا کے حکمران، امریکا اور مغرب کے سامنے جھک رہے ہیں،امت مسلمہ اپنے حکمرانوں پر سیاسی دباؤ بڑھائے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غزہ کے مسلمانوں پر جو بیت رہی ہے یا بیت چکی تاریخ کے صفحات پر سیاہ دھبوں کے سوا کچھ نہیں، اسرائیل نے امن معاہدہ توڑ کر غزہ پر شب خون مارا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں شیر خوار بچے زندگی اور موت کی کشمکش میں تڑپ رہے ہیں، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو جنگی مجرم ہے،اسے عالمی عدالت انصاف نے گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فلسطین میں نہ ادویات ہیں نہ کھانے پینے کی کوئی چیز لیکن مسلمان حکمران خاموش ہیں، جرم کرنے والے اور اس جرم پر خاموش رہنے والے برابر کے مجرم تصور کیے گئے ہیں۔
امت مسلمہ آج بھی ایک صف میں ہے لیکن حکمران جذبات کی ترجمانی نہیں کر رہے: فضل الرحمان
انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کا حکمران امریکا اور مغرب کے سامنے جھک رہا ہے، امت مسلمہ آج بھی ایک صف میں ہے لیکن حکمران جذبات کی ترجمانی نہیں کر رہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ گریٹر اسرائیل کی طرف بڑھتے قدموں سے کوئی عرب ملک نہیں بچ سکے گا، امت مسلمہ اپنے ملکوں میں اپنے حکمرانوں پر سیاسی دباؤ بڑھائے۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ 10 اپریل کو تمام مکاتب فکر کا کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کنونشن میں مشترکہ حکمت عملی اور مؤقف اپنایا جائے گا جبکہ 13 اپریل کو کراچی میں اسرائیل مردہ باد مظاہرہ ہوگا۔