Time 08 اپریل ، 2025
پاکستان

دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر کے منصوبے پر فی الفور کام بند کرکے تحفظات دور کیے جائیں: ناصر الدین

دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر کے منصوبے پر فی الفور کام بند کرکے تحفظات دور کیے جائیں: ناصر الدین
عوام پاکستان پارٹی عوام کی آواز ہے اور وہ ہر صورت سندھ سمیت تمام صوبوں کے مفادات کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کی بھر پور مخالفت اور مزاحمت کرے گی: سیکرٹری عوام پاکستان پارٹی سندھ— فوٹو:فائل

عوام پاکستان پارٹی سندھ کے سیکرٹری ناصر الدین محمود نے مطالبہ کیا ہے کہ دریائے سندھ پر  نئی 6 کینالز کی تعمیر کے منصوبے پر فی الفور کام بند کرکے سندھ کے عوام کے تحفظات دور کیے جائیں۔

اپنے بیان میں ناصر الدین محمود کا کہنا تھاکہ حکومت نے دریائے سندھ پر نئی 6 نہروں کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان کرکے سندھ میں بے چینی پیدا کردی ہے اور حکومت قوم کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کے مجرمانہ اقدام کی مرتکب ہورہی ہے، سندھ کے عوام کی مرضی کے بغیر کوئی منصوبہ قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہوگا۔ 

انہوں نے کہا کہ حکمران اتحاد میں شامل تمام سیاسی جماعتیں سندھ کےعوام کے سوالات کا واضح اور دوٹوک جواب دینے کے بجائے بے معنی تاویلیں پیش کررہی ہیں، عوام پاکستان پارٹی عوام کی آواز ہے اور وہ ہر صورت سندھ سمیت تمام صوبوں کے مفادات کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کی بھر پور مخالفت اور مزاحمت کرے گی۔ 

ان کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت اس منصوبے کے تحت غریب کسان کو بے زمین کرکے اُن کی زمینیں کارپوریٹ فارمنگ منصوبے کے تحت بڑے صنعتی و تجارتی اداروں کو دینے کامنصوبہ بنارہی ہے جس کی ہر سطح پر مخالفت کی جائے گی۔

ناصر الدین محمود نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے نتیجے میں کسانوں میں بھی شدید بےروزگاری اور غربت پھیلے گی، صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پہلے ہی حالات درست نہیں اُس موقع پر سندھ میں ایک متنازع منصوبے پر اتفاقِ رائے پیدا کیے بغیر ہی کام کا آغاز کردینا کسی صورت دانش مندی نہیں ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نئی چھ کینالز کی تعمیر کے منصوبے پر فی الفور کام بند کرکے سندھ کے عوام کے تحفظات دور کیے جائیں، اتفاقِ رائے پیدا کرنے کا کام یہ متنازع اورغیر نمائندہ پارلیمنٹ ہرگز نہیں کرسکتی لہٰذا اس منصوبے کو آئندہ انتخابات تک مؤخر کیا جائے۔ 

مزید خبریں :