پاکستان

اسلام آباد: امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے 2 موٹرسائیکل سوار زخمی

حادثہ رات 9 بجکر40 منٹ پر شاہراہ دستور پر سیکریٹریٹ چوک پرپیش آیا— فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے 2 موٹرسائیکل سوار زخمی ہوگئے جنہیں پمز اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حادثہ رات 9 بجکر40 منٹ پر شاہراہ دستور پر سیکریٹریٹ چوک پرپیش آیا اور گاڑی امریکی سفارت خانے کا سیکنڈ سیکریٹری چاڈ ریکس چلا رہا تھا۔

ذرائع کے مطابق گاڑی کی ٹکرسے زخمی 1 نوجوان نزاکت اسلم گڑھی دوپٹہ آزاد کشمیر کا رہائشی ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والی موٹر سائیکل — فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

اس حوالے سے اسلام آباد کے ایس ایس پی آپریشنز نجیب الرحمان نے جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سفارتخانے کی گاڑی نے 2 موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر ماری۔

ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ امریکی سفارتخانے کی گاڑی کو ڈرائیورسمیت تھانا سیکریٹریٹ منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زخمی افراد کو پمز اسپتال منتقل کردیا گیا جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ایس ایس پی نجیب الرحمان نے بتایا کہ واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں او ٹریفک پولیس سے بھی معاونت لی جارہی ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق واقعے کے ذمے داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، وزارت خارجہ کو سفارتی اہلکار کی تحریری تصدیق کا کہا ہے، وزارت خارجہ کی تحریری تصدیق کے بغیر سفارتی اہلکار کو رہا نہیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سفارتکاروں کے ایسے واقعات سے متعلق پولیس نے ایس او پی مرتب کرلیا ہے جس کے تحت وزارت خارجہ کی تصدیق کے بغیر سفارتی دستاویز تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

ترجمان پمز اسپتال کے مطابق زخمی ہونے والے نزاکت اور محمد وسیم کو ابتدائی طبی امداد دے دی گئی ہے اور دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

 ترجمان پمز کے مطابق نزاکت کو سر پر اور محمد وسیم کو اندرونی چوٹ آئی ہے۔

خیال رہے کہ 7 اپریل کو بھی اسلام آباد میں امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عتیق بیگ کے نام سے ہوئی تھی اور جس گاڑی کی ٹکر سے وہ ہلاک ہوا وہ امریکی ڈیفنس اینڈ ایئر اتاشی کرنل جوزف ایمانوئل ہال کی تھی۔

مزید خبریں :