Time 29 جون ، 2018
پاکستان

کراچی میں قلیل مدتی اغواء کی ہوش اڑا دینے والی واردات کا انکشاف

والدین سے تاوان حاصل کرنے کا مقصد اپنی خواہشات کی تکمیل تھا۔ فوٹو: فائل

کراچی میں قلیل مدتی اغواء (شارٹ ٹرم کڈنیپنگ) کی ایک ایسی واردات کا انکشاف ہوا ہے جس کو سن کر ہوش ٹھکانے آ جائیں۔

راشد منہاس روڈ کے رہائشی 15سالہ لڑکے نے اپنے کزن اور دوست کے ساتھ مل کر اپنے ہی اغوا کا منصوبہ بنایا اور پھر والدین سے 10 لاکھ روپے تاوان بھی طلب کیا۔

ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل عرفان بہادر کے مطابق 27جون کو راشد منہاس روڈ پر واقع فلیٹ کے رہائشی نے تھانے میں اطلاع دی کہ اس کے15 سالہ بیٹے کو اغوا کر لیا گیا ہے اور تاوان کی غرض سے 10 لاکھ روپے طلب کیے گئے ہیں۔

اس اطلاع پر تکنیکی بنیادوں پر تحقیقات کی گئیں اور اسی رات لاپتہ بچے کو جہانگیر روڈ سے بازیاب کروایا گیا جب کہ اس کے کزن اور ایک دوست کو بھی پولیس نے حراست میں لیا۔

تحقیقات کرنے پر انکشاف ہوا کہ بچے نے اپنے کزن اور دوست کے ساتھ مل کر اپنے ہی اغوا کا ڈرامہ رچایا تھا۔

بچہ اپنے کزن کے ہمراہ پہلے جہانگیر روڈ پر واقع کزن کے گھر گیا اور پھر قریب ہی ایک اور دوست کے گھر منتقل ہو گیا جہاں سے دوست کے موبائل سے والدین کو فون کر کے 10 لاکھ روپے طلب کیے۔

پولیس حکام کے مطابق پیسے طلب کرنے کا مقصد تفریح کی غرض سے اپنی خواہشات کی تکمیل تھا، تینوں بچوں کو ان کے والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :