30 جون ، 2018
لندن میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تفتیش سست روی کا شکار ہے اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کی چیف کریسیڈا ڈِک کا کہنا ہے کہ عمران فاروق قتل کیس میں پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔
اسکاٹ لینڈ یارڈ کی چیف کریسیڈا ڈک نے ہوم افیئرز سلیکٹ کمیٹی کے روبرو اپنے بیان میں کہا کہ عمران فاروق قتل کے تانے بانے برطانیہ سے باہر جاتے ہیں، تفتیش آگے بڑھانے کیلئے پاکستان کے ساتھ مسائل حل کرنا ہوں گے۔
اسکاٹ لینڈ یارڈ کی چیف کا مزید کہنا ہے کہ دفترخارجہ ومتعلقہ حکام سے مل کر معاملہ پاکستان کے ساتھ اٹھا رہے ہیں، عمران فاروق کیس پر بڑا خرچہ کیا ہے، قاتلوں کو ضرور پکڑیں گے۔
برطانوی لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے ہوم افیئرز سلیکٹ کمیٹی میں عمران فاروق قتل کیس کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ عمران فاروق کے قاتل کیوں نہیں پکڑے جاتے؟
ناز شاہ نے مزید کہا کہ ’لوگ پوچھتے ہیں کہ کیا بانی ایم کیو ایم کو انگلینڈ میں ’استثنا‘ حاصل ہے؟ عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ اور ان کے بیٹے عالیشان اور وجدان انصاف کے حقدار ہیں۔
ناز شاہ نے کہا کہ شمائلہ اور ان کے بیٹے ان دنوں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایم کیوایم کے سابق رہنما عمران فاروق کو 2010 میں لندن میں ان کے گھر کے باہر قتل کیا گیا تھا جس کےبعد سے لندن پولیس ان کے قتل کی تحقیقات میں مصروف ہے لیکن کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں کرسکی ہے۔