ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کیخلاف نوازشریف، مریم اور محمد صفدر کی اپیلیں تیار


اسلام آباد: شریف خاندان کے وکلاء نے ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے خلاف نوازشریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کی اپیلیں تیار کرلیں۔

ذرائع کےمطابق ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے خلاف اپیل نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے تیار کی ہیں اور ابھی ان کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وکلاء ابھی عدالتی فیصلے کا مزید باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اپیلوں میں کچھ چیزیں اور شامل کی جاسکیں۔

ذرائع کے مطابق اپیلیں دائر کرنے کے حوالے سے وکلاء نے اپنے مؤکلین سے بھی مشاورت کی ہے جب کہ نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے وکالت ناموں پر دستخط بھی کردیئے ہیں۔

10 دن میں پاکستان نہ آنے پر ریلیف ملنا مشکل ہے، وکلاء کا مشورہ

ذرائع نے بتایا کہ وکلاء نے نوازشریف اور مریم نواز کو مشورہ دیا ہےکہ اگر 10 دس میں وہ پاکستان نہ آئے تو اپیلوں میں ریلیف ملنا مشکل ہے۔

ذرائع کے مطابق شریف خاندان کے وکلاء ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کے خلاف اپیلیں پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کریں گے۔

واضح رہےکہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور ان کے شوہر محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے جب کہ سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی پر جرمانہ بھی کیا گیا ہے، عدالت نے ملزمان کو اپیلیں دائر کرنے کےلیے 10 روز دیئے ہیں۔

نوازشریف نے عدالتی فیصلے کو مسترد کردیا ہے اور لندن میں زیر علاج اہلیہ کےہوش میں آنے کےبعد وطن واپسی کا اعلان کیا ہے۔

جب کہ نیب نے نوازشریف اور مریم نواز کی وطن واپسی پر انہیں ائیرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کےلیے ان کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :