پاکستان
Time 10 جولائی ، 2018

آصف زرداری، فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں شامل، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل



اسلام آباد: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈال دیا گیا۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ ملزمان کے نام سپریم کورٹ کے حکم پر ای سی ایل پر ڈالے گئے۔

اس سے قبل آصف زرداری کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالا گیا تھا، منی لانڈرنگ کیس کے دیگر ملزمان کا نام بھی ای سی ایل پر ڈال دیا گیا۔

اس سے قبل سابق صدر اور ان کی بہن پر ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق 29 مشتبہ بینک اکاؤنٹس کے ذریعے 35 ارب روپے بیرون ملک بھجوانے کے زیر سماعت کیس کے سلسلے میں ایف آئی اے نے پابندی عدالتی ہدایات کی روشنی میں عائد کی جس کے بعد تمام زمینی اور فضائی امیگریشن پوائنٹس پر ایف آئی اے حکام کو آگاہ کردیا گیا۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے گزشتہ دنوں اسی کیس میں سابق صدر  کے قریبی ساتھی حسین لوائی کو بھی گرفتار کیا تھا۔

7 رکنی جے آئی ٹی تشکیل

ادھر ایف آئی اے نے معاملے کی تحقیقات کے لیے 7 رکنی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی جس کے سربراہ ایڈیشل ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر نجف قلی مرزا ہوں گے۔

جیو نیوز نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کے نوٹی فیکیشن کی کاپی حاصل کر لی جو ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کے دستخطوں سے جاری کیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق ٹیم میں ایف آئی اے پنجاب کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عثمان انور شامل، ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ منیر احمد شیخ، ایڈیشنل ڈائریکٹر بینکنگ سرکل کراچی فیض اللہ کوریجو، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ علی مردان کھوسو اور ایف آئی اے پنجاب کے دو ڈپٹی ڈائرکٹرز چوہدری محمد احمد اور خالد انیس شامل ہیں۔

کمیٹی کسی بھی اضافی رکن کی معاونت حاصل کر سگے گی جبکہ مشترکہ ٹیم جعلی بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کرے گی۔

ٹوٹیفیکیشن میں مزید بتایا گیا کہ سربراہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ڈی جی ایف آئی اے کو تحقیقات میں پیش رفت سے آگاہ رکھیں گی۔

آصف زرداری اور فریال تالپور 12 جولائی کو سپریم کورٹ طلب

دوسری جانب کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو 12 جولائی کو سپریم کورٹ میں طلب کرلیا گیا، عدالت عظمٰی نے ازخود نوٹس کیس میں تحریری حکم جاری کردیا۔

سپریم کورٹ کے حکم میں ان ناموں کی تفصیل شامل ہے جن کے جعلی اکاؤنٹ کھولے گئے۔ جن کے نام پر جعلی اکاؤنٹ کھولے گئے ان میں طارق سلطان، ارم عقیل، محمداشرف، اقبال آرائیں، محمد عمیر، عدنان جاوید اور قاسم علی کے نام بھی شامل ہیں۔

تحریری حکم میں اکاؤنٹس میں رقم جمع کرانے والی 15 کمپنیوں/ کاروباری گروپس کے نام بھی شامل ہیں۔ ان میں سجوال ایگرو فارم، ٹنڈوالہ یار شوگر ملز، ایگرو فارم ٹھٹھہ، عمیر ایسوسی ایٹس، رائل انٹرنیشنل، اقبال میٹلز، لاجسٹک ٹریڈنگ، لکی انٹرنیشنل، اے ون انٹر نیشنل، سردار محمد اشرف، حاجی مرید اکبر،اومنی گروپ و دیگر شامل ہیں۔

تحریری حکم میں اکاؤنٹس سے فائدہ اٹھانے والے 13 گروپس کے نام بھی شامل ہیں جن میں نصیرعبداللہ لوٹھا، انصاری شوگر ملز، اومنی پولیمار پیکجز، پاکستان ایتھنل، چیمبر شوگر ملز، ایگرو فارمز ٹھٹھہ شامل ہیں۔

آصف زرداری، فریال تالپور، پرتھینم ،اے ون انٹرنیشنل، لکی انٹرنیشنل، لاجسٹک ٹریڈنگ، رائل انٹرنیشنل اور عمیر ایسوسی ایٹس بھی فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔

سپریم کورٹ نے اپنے تحریری حکم میں فوجداری مقدمات دائر ہونے والوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈالنے کی ہدایت کی ہے۔

سپریم کورٹ نے انور مجید، عبدالغنی مجید، اسلم مسعود، عارف خان، نورین سلطان، کرن امان، نصیرعبداللہ لوٹھا، محمد اقبال خان نوری، محمد اشرف، محمد اقبال آرائیں، محمد عمیر، عدنان جاوید، قاسم علی اور اعظم وزیر خان کا نام بھی ای سی ایل پر ڈالنے کا حکم دیا ہے۔

یونائٹیڈ بینک، سمٹ بینک اور سندھ بینک کے سی ای اوز اور صدور کو پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ سندھ ہائی کورٹ میں زیر سماعت 6 مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے اپنے تحریری حکم میں سمٹ بینک کے اسٹیٹ بینک کے پاس جمع 7 ارب روپے منجمد کرنے کا بھی حکم دیا ہے جبکہ انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کو تمام افراد کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :