09 جولائی ، 2018
ملتان: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے وہ گالم گلوچ اور ذاتیات کی سیاست نہیں کرتے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو غربت کا مقابلہ کرتی ہے۔
شجاع آباد میں کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نےغریبوں کی خدمت کی ہے، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے اور ہم نے ہمیشہ نوجوانوں کے روزگار کیلئے کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کسانوں کی خدمت کی، شہید بھٹو نے ان میں زمین تقسیم کی تھی، ہم سمجھتے ہیں کسان خوشحال تو ملک خوشحال۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کسان کارڈ سے بلاسود قرض ملے گا، فصل کی انشورنس ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کےمنشور میں بھوک مٹاؤ پروگرام ہے، فوڈ کارڈ دیں گے،کھانے پینے کی اشیاء کم قیمت پر ملے گی، یونین کونسل کی سطح پرفوڈ اسٹور کھولیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صرف پیپلزپارٹی غربت کے خاتمےکیلئےانقلابی پروگرام پیش کرتی ہے۔