منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری کا آج سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ

آصف زرداری ایف آئی اے کے سامنے پیش نہیں ہوئے: فوٹو/ فائل

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے منی لانڈرنگ کیس میں سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری آج رات لاہور سے اسلام آباد پہنچیں گے۔ انہوں نے عدالت میں پیشی کا فیصلہ قانونی ٹیم سےمشاورت کے بعد کیا۔

اس سے قبل یہ خبریں منظر عام پر آئی تھیں کہ آصف زرداری کی جگہ ان کے وکلاء سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے۔

سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو طلب کر رکھا ہے۔

اسی کیس میں ایف آئی اےکی جانب سے بھی دونوں شخصیات کو 11 جولائی کو طلب کیا گیا تھا تاہم وکلا کے مشورے پر آصف زرداری اور فریال تالپور ایف آئی اے کے سامنے پیش نہیں ہوئے اور وکلا کے ذریعے جواب داخل کرادیا۔

زرداری کی وکلا سے مشاورت

ذرائع کےمطابق آصف زرداری نےبلاول ہاؤس لاہور میں منی لانڈرنگ کیس سے متعلق اپنی وکلا ٹیم سے مشاورت کی جس میں اعتزاز احسن، فاروق ایچ نائیک اور لطیف کھوسہ شامل تھے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نیئر بخاری کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے آئی جی سندھ کونوٹس بھیجا ہے کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو پیش کیا جائے، جب سپریم کورٹ آصف زرداری کو ذاتی حثیت میں طلب کرے گی تو پیش ہوں گے۔

تاہم اب آصف علی زرداری کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں ایک انٹرویو میں آصف علی زرداری نے اپنے اوپر لگائے جانے والے تمام الزامات کو مسترد کیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام سپریم کورٹ کی ہدایت پر ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جاچکا ہے جس کے بعد دونوں کے بیرون ملک جانے پر پابندی ہے۔

ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید خبریں :