Time 12 جولائی ، 2018
پاکستان

بیگم کلثوم نواز نے ایک ماہ بعد پہلی بار آنکھیں کھولیں


لندن میں زیر علاج سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز نے ایک ماہ میں پہلی مرتبہ اپنی آنکھیں کھولیں۔

بیگم کلثوم نواز  کی ایک ماہ بعد پہلی بار آنکھیں کھولنے کی تصدیق مریم نواز اور حسین نواز نے بھی کی ہے۔ 

سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کی عید سے دو روز قبل ہارٹ اٹیک کے باعث طبیعت بگڑگئی تھی جس کے بعد سے وہ بے ہوش تھیں۔ 

مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ 30 روز کے دوران والدہ نے چند سیکنڈ کے لیے پہلی مرتبہ آنکھیں کھولی ہیں لیکن میں نہیں جانتی کہ انہوں نے دیکھا یا ہمیں پہچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی بے ہوشی کی حالت میں اور وینٹی لیٹر پر ہیں جب کہ مریم نواز نے عوام سے دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔

گزشتہ ماہ 15 جون کو کلثوم نواز کو دل کی تکلیف کے باعث اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا تھا جب کہ طبیعت بگڑنے کے باعث وہ ایک ماہ سے وینٹی لیٹر پر ہیں۔ 

واضح رہے کہ 14 جون کو سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ لاہور سے لندن روانہ ہوئے تھے لیکن ان کے لندن پہنچنے سے پہلے ہی کلثوم نواز کو مصنوعی تنفس پر رکھا گیا۔

دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف اور صاحبزادی مریم نواز نے احتساب عدالت سے سزا کے فیصلے کے بعد آج وطن واپسی کا اعلان کررکھا ہے اور وہ کل لاہور ایئرپورٹ پر پہنچیں گے جہاں نیب نے ان کی گرفتاری کی تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں۔

مزید خبریں :