12 جولائی ، 2018
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی وجہ سے 25 جولائی کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔
الیکشن کمیشن کے اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ اعلان ووٹرز کی سہولت کے لیے کیا گیا۔
پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوگا اور یہ شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ووٹنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق پولنگ کے اوقات میں ایک گھنٹے کے اضافے کا مقصد انتخابی عمل میں عوام کی زیادہ شرکت یقینی بنانا ہے۔
الیکشن ایکٹ کے تحت پولنگ کے دن مخصوص حالات میں الیکشن کمیشن کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ ایک یا زائد پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا وقت بڑھا سکتا ہے۔