پاکستان
Time 13 جولائی ، 2018

آئندہ نسلوں کے لیے قربانی دے رہا ہوں، عوام ساتھ دیں: نواز شریف


لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ آئندہ نسلوں کے لیے قربانی دے رہا ہوں، عوام ساتھ دیں اور قدم سے قدم ملا کر چلیں۔

لندن سے پاکستان روانگی کے موقع پر طیارے میں ریکارڈ کیے گئے ویڈیو پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اس وقت فیصلہ کن موڑ پر ہے، جو میرے بس میں ہے اور تھا وہ میں کرچکا ہوں، معلوم ہے کہ سزا ہوئی ہے اور مجھے جیل لے جایا جائے گا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام میرے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالیں اور قدم کے ساتھ قدم ملا کر چلیں اور ملک کی تقدیر بدلیں، یہ مواقع بار بار نہیں آئیں گے۔ 









سابق وزیراعظم نواز شریف نے طیارے کے اندر گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان کومیدان جنگ بنادیا گیا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ ملک بھر میں جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں، 70 سال سے جو رسوائی جھیلتے رہے اس سے نجات حاصل کرنی ہے۔

سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ کیا اب ہم نیب اور عیب سےگھبرائیں گے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 11 سال، مریم نواز کو 7 اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔

نواز شریف کے داماد اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی کے پاکستان پہنچنے پر انہیں بھی اڈیالہ جیل لے جایا جائے گا۔

مزید خبریں :