02 مئی ، 2024
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز ویمن کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچز پر مشتمل سیریز میں پہلی جیت حاصل کرلی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے مابین چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا جہاں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اس میچ کے لیے پاکستان ویمن ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ عالیہ ریاض اور طوبیٰ حسن کی جگہ نشرہ سندھو اور گل فیروزہ کو شامل کیا گیا ۔
ویسٹ انڈیز کی اننگز
پاکستان کے خلاف ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کی بیٹنگ نہ چل سکی اور ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 84 رنز بناسکی۔
ویسٹ انڈیز کی شیمین کیمبل 26 اور زیدا جیمز 19 رنز بناکر نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور ندا ڈار نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نشرہ سندھو اور رامین شمیم نے ایک، ایک وکٹ لی۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کو 8 وکٹ سے شکست دے دی، قومی ویمن ٹیم نے 85 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
سدرا امین 15 اور منیبہ علی 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں، عائشہ ظفر نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔اس کے علاوہ گل فیروزہ 21 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔
پاکستان ویمن اور ویسٹ انڈیز ویمن کے درمیان پانچواں ٹی ٹوئنٹی کل کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کو 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔