Time 15 جولائی ، 2018
پاکستان

شہباز شریف نے جعلی پولیس مقابلے کرائے، عمران خان

ملتان میں 60 ارب کی میٹرو بنادی لیکن بسیں خالی چل رہی ہیں—پی ٹی آئی سوشل میڈیا

جھنگ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے پولیس کے ذریعے 870 افراد کو قتل کروایا۔

جھنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شریفوں نے پولیس کو تباہ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نےخیبرپختونخوا کی پولیس کو غیرسیاسی کرکے مثالی بنادیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی پولیس میں کوئی پیسے دے کر بھرتی نہیں ہوتا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ اللہ تعالی نے اگر موقع دیا تو پولیس اور بلدیاتی نظام کو ٹھیک کریں گے۔


ان کا کہنا تھا کہ کسی ملک میں یہ تصور نہیں کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کہیں کہ میں نے آپ کو اسپتال دے دیا، جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا، ایسا بادشاہت میں ہوتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جمہوریت نظام کا نام ہے اور اس میں ادارے کام کرتے ہیں، لاہور کےبادشاہ کو کیا پتہ جھنگ کےمسائل کیا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے فیصلہ کیا کہ ملتان میں میٹرو بنے لیکن ملتان کےعوام نے کہا ہمیں نہیں چاہئے اس کے باوجود 60 ارب روپے کی میٹرو چلادی۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 30 فیصد ترقیاتی فنڈ بلدیاتی اداروں کو دیا جاتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ عوام کا حق ہے کہ انہیں تعلیم، ٹیکنیکل ادارے اور کاروبار کیلئے قرضے ملیں۔

انہوں نے کہا کہ ملتان میں  60 ارب کی میٹرو بنادی لیکن بسیں خالی چل رہی ہیں، یہ فیصلہ لاہور سے اس لیے کیا گیا کہ شریف خاندان کو اس میں کمیشن ملنا تھا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا آدھا پیسا لاہور پر لگا دیا گیا۔

’نواز شریف جیل میں بیٹھ کر معصوم شکل بنارہا ہے‘

دوسری جانب فیصل آباد میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف آج اڈیالہ جیل میں بیٹھ کر مظلوم اور معصوم شکل بنا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 22 سال پہلے کرپشن کے بادشاہ آصف زرداری اور نواز شریف کیخلاف مہم شروع کی، قوم کا پیسہ لوٹ کر یہ لوگ باہر چلے گئے، ان لوگوں نے چوری کرکے ملک کا مستقبل اندھیرے میں ڈال دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا دوسرا بیٹا اربوں روپے کے گھر میں بیٹھا ہے، مجرم نے قوم کا 300ارب روپیہ اپنے بچوں کی 16کمپنیوں میں ڈالا۔

عمران خان نے کہا کہ اللہ ملک میں ایسی تبدیلی لائے گا،پاکستان اونچائی کا سفر پھر شروع کرےگا۔

انہوں نے کہا کہ اچھے اور برےکی تمیز ختم ہوجائے تو قوم تباہ ہوجاتی ہے، قوم کا پیسا لوٹنے والے کا استقبال کرکے بچوں کو کیا پیغام دے رہے ہو، کیا ڈاکو پکڑا جائے تو اسے ہار ڈالیں گے؟ کندھے پر بٹھائیں گے یا اٹھاکر جیل میں ڈالیں گے؟

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ چھوٹے چوروں کو پیغام دیا جارہا ہے کہ بڑا ڈاکا مارنا کیوں کہ پھر پولیس نہیں پکڑتی۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت رانا ثناء اور عابد شیر علی جیسے لوگوں کو شکست دینےکا وقت ہے، ملک 30 سال سے چوروں کے شکنجے میں پھنسا ہوا تھا، 25 جولائی کو اس شکنجے سے نکلنے کا موقع ہے۔

عمران خان نے کہا کہ عابدشیر علی کےوالد نے کہا کہ رانا ثناء نے 18 قتل کرائے۔

انہوں نے کہا کہ 10 سال میں 21 ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا، ملک میں کونسی خوشحالی آئی؟ آج پاکستان کی برآمدات گرگئیں جبکہ بھارت اور بنگلادیش کی برآمدات اوپر جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس پر ٹیکس سے یہاں کی ٹیکسٹائل انڈسٹریز بند ہونا شروع ہوگئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 2008 میں آٹے کی قیمت 13روپے کلو تھی آج 45روپے کلوہے، جو شوگر مل گنا لے کر کسانوں کو پیسا نہیں دےگی اس پرجرمانہ لگائیں گے اور بلیک لسٹ کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت میں آکر روزگار کا پروگرام دیں گے، آسانی کیلیے ٹیکنیکل مراکزبنائیں گے۔

مزید خبریں :