17 جولائی ، 2018
لاہور: احتساب عدالت نے سابق وزرائے اعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو ایک روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
نیب نے سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں 5 جولائی کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد اگلے روز احتساب عدالت نے انہیں 14 روز کے جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کیا تھا۔
نیب لاہور کے حکام نے فواد حسن فواد کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا۔
نیب پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ عوام نے اپنے گھرکےخواب سجائے،آشیانہ اقبال پراجیکٹ میں درخواستیں دیں، فواد حسن فواد نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور ٹھیکہ کاسا ڈیولپرز کو دلوایا، ان کے غیر قانونی اقدامات سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ فواد حسن فواد نے انکوائری کمیٹی کی رپورٹ دبا دی، آشیانہ اقبال پراجیکٹ کی رپورٹ بنانے والے افسران کو بھی طلب کیا ہے۔
عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کے دلائل کے بعد ملزم فواد حسن فواد کو ایک روز کے ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
واضح رہے کہ نیب نے اسی کیس میں سابق ڈی جی لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) احد چیمہ کو بھی گرفتار کر رکھا ہے جو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔