Time 23 جولائی ، 2018
پاکستان

کراچی: سیاسی کارکنان کے تشدد کا نشانہ بننے والا گدھا دم توڑ گیا

فوٹو: بشکریہ اے سی ایف

کراچی: سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران تشدد کا نشانہ بننے والا گدھا چل بسا۔

کراچی میں گزشتہ دنوں ایک سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران گدھے کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے اسے شدید چوٹیں آئیں اور وہ بے ہوش ہوگیا۔

جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم اے سی ایف اینیمل کی جانب سے اس گدھےکو ریسکیو کیا گیا اور علاج کی سہولت فراہم کی گئی۔

اےسی ایف اینیمل کے مطابق سیاسی کارکنان کے تشدد کا نشانہ بننے والا گدھا دم توڑ گیا ہے۔

اے سی ایف اینیمل کی فیس بک پوسٹ میں بتایا گیا ہےکہ گزشتہ روز اس کی حالت بہتر تھی، وہ اپنے پیروں پر کھڑا ہوا اور بہتر طریقے اپنی غذا بھی لی۔

اے سی ایف اینیمل کی فیس بک پوسٹ

اے سی ایف کے مطابق گدھے کے اندرونی زخم ٹھیک نہیں ہورہے تھے، ناک سےخون نکلنے کے باعث وہ سانس نہیں لے پارہا تھا اور آج صبح اس کا بلڈ پریشر زیادہ تھا۔

اے سی ایف اینیمل کی جانب سے کہا گیاہےکہ واقعے کے بعد یہ جانور صرف ایک ہفتہ زندہ رہ سکا اور اب دم توڑ گیا۔

واضح رہے کہ سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران گدھے کو صرف اس بنا پر نشانہ بنایا گیا کہ اس پر ایک سیاسی حریف کا نام تحریر تھا۔

انسانی حیوانیت کے اس واقعے پر عوام کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا اور اس عمل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس کی مذمت بھی کی گئی لیکن اس کے باوجود سیاسی جماعتوں کے کارکنان پر کوئی اثر نہ ہوا اور 18 جولائی کو ایک اور گدھے کو سیاسی اختلاف کی بھینٹ چڑھا دیا گیا۔

مزید خبریں :