Time 02 اگست ، 2018
پاکستان

کراچی میں ڈاکو دن دیہاڑے بینک سے لاکھوں روپے لوٹ کر فرار


کراچی: ڈاکو دن دیہاڑے شارع فیصل پر واقع نجی بینک سے لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔

ایس ایس پی نعمان صدیقی نے بتایا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکو شارع فیصل پر واقع نجی بینک میں گھس کر ڈکیتی کر کے با آسانی فرار ہو گئے۔

نعمان صدیقی نے کہا کہ ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر بینک کے عملے کو یرغمال بنایا اور کیش کاؤنٹر پر تقریباً 5 منٹ تک واردات کی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان بینک کے کیش کاؤنٹر سے 7 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے، ڈکیتی کرنے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

آئی جی سندھ نے بینک ڈکیتی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی اور ڈی آئی جی سی آئی اے سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

شارع فیصل پر فیروز آباد تھانے کی حدود میں ہونے والی بینک ڈکیتی کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظرعام پر آ گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بینک کے سیکورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں کی تلاشی لینے کی بھی زحمت نہیں کی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکوؤں نے کیپ پہنی ہوئی ہوئی ہے، ویڈیو میں 4 ڈاکوؤں کو کیش کاؤنٹر سے لوٹ مار کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں لوٹ مار کرنے والے چاروں ڈاکوؤں کے چہرے واضح ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بینک میں تعینات 2 سییکیورٹی گارڈز کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نجی بینک میں ڈکیتی کی واردات دوپہر ڈھائی بجے ہوئی، بینک میں گارڈ کے لیے قائم بنکر اسٹور روم کے طور پر استعمال ہو رہا تھا۔

پولیس کے مطابق نجی بینک کے بنکر میں گارڈز بھی موجود نہیں تھا اور سیکیورٹی کمپنی کے اہلکار الارم بجنے کے بہت دیر بعد پہنچے جس کے باعث ڈاکوؤں کو فرار ہونے کا موقع ملا۔

مزید خبریں :