کینسر سے لڑ رہے عرفان خان کا ایک اور جذباتی بیان سامنے آگیا

کسی بھی انسان کی زندگی کی کوئی گارنٹی نہیں ہے، اداکار عرفان خان کا جذباتی انٹرویو  — فوٹو: فائل 

بالی وڈ اداکار عرفان خان نے کہا ہے کہ کبھی کبھی سوچتا ہوں گلے میں چِپ لگا لوں اور لوگوں کو بتاؤں کہ مجھے یہ بیماری ہے اور میں کچھ وقت میں مر سکتا ہوں۔

عرفان خان کو 6 ماہ قبل نیورو اینڈو کرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے ہی وہ موذی مرض سے لڑ رہے ہیں اور علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں۔

اداکار نے دو ماہ قبل بھارتی صحافی کو جذباتی خط لکھا تھا جس میں انہوں نے اپنی بیماری اور تکلیف سے آگاہ کیا تھا لیکن اب ایک بار پھر عرفان خان نے نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیا ہے جس میں انہوں نے اپنے علاج کے حوالے سے کئی باتوں کے جواب دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیمو تھراپی کے 6 سیشن میں سے 4 پورے ہو چکے ہیں، پورے سیشن ہونے کے بعد ایک بار پھر بیماری سے متعلق رپورٹ سامنے آئے گی حالاںکہ 3 سیشن بعد سے ہی رزلٹ مثبت آ رہا ہے تاہم ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

عرفان خان نے کہا کہ کسی بھی انسان کی زندگی کی کوئی گارنٹی نہیں ہے، کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ گلے میں چِپ لگا لوں اور لوگوں کو بتاؤں کہ مجھے یہ بیماری ہے اور میں کچھ وقت میں مر سکتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ میرے دماغ میں یہ چلتا رہتا ہے کہ مجھے بیماری ہے، کچھ مہینوں، سال یا دو سالوں میں مر سکتا ہوں، یا ان باتوں کو بھلا کر جی سکتا ہوں؟

بالی وڈ کے ورسٹائل اداکار نے کہا کہ مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ میرے چاروں طرف اندھیرا ہے اور میں دیکھ نہیں پا رہا کہ مجھے زندگی کیا دے رہی ہے؟ 

انہوں نے کہا کہ سوچنا کم کریں کیوں کہ ہم ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں ہمیشہ پلاننگ چلتی رہتی ہے لیکن آخر میں کچھ بھی نہیں ہو پاتا لہٰذا اسی لیے اب میں نے منصوبہ بندی کرنا چھوڑ دی ہے اور اب میں کسی فلم کا اسکرپٹ نہیں پڑھ رہا۔

یاد رہے کہ عرفان خان بھارتی فلم نگری کے وراسٹائل اداکار ہیں جنہوں نے کریئر میں کئی سپر ہٹ فلمیں دی ہیں اور بیماری سے قبل بھی فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔

عرفان خان کی حال ہی میں دو فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں جس میں ایک بالی وڈ کی ’کارواں‘ اور ہالی وڈ فلم ’پزل‘ شامل ہیں۔

مزید خبریں :