29 جولائی ، 2012
کراچی…حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے نیشنل پاورریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)کی جانب سے کراچی کے شہریوں کیلئے کے ای ایس سی کے ٹیرف میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک روپے 60پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوراسے کراچی کے شہریوں کے ساتھ سراسرناانصافی اورزیادتی قرار دیا ہے۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں اراکین سندھ اسمبلی نے کہاکہ کراچی کے شہری پہلے ہی پاکستان میں مہنگی ترین بجلی استعمال کررہے ہیں جبکہ ہرماہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرکے کراچی کے شہریوں پرمزیدمہنگائی کابوجھ ڈالاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک جانب ماہ مقدس میں بھی شہر میں طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے اورعوام سحری وافطارکے اوقات میں بھی بجلی کیلئے ترس رہے ہیں جبکہ دوسری طرف نیپراکی جانب سے بجلی کے نرخ میں ایک روپے60پیسے فی یونٹ اضافہ کرکے کراچی کے شہریوں پربجلی بم گرایاجارہاہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے صدرآصف علی زرداری،وزیراعظم راجہ پرویزاشرف اورپانی وبجلی کے وفاقی وزیرسے مطالبہ کیاکہ نیپراکی جانب سے کراچی کے صارفین کیلئے کے ای ایس سی کے ٹیرف میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں ایک روپے60پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری کانوٹیفکیشن فی الفورواپس لیا جائے اورکراچی کے شہریوں کے ساتھ ناانصافیوں کا سلسلہ بندکیاجائے۔