Time 08 اگست ، 2018
پاکستان

زلفی بخاری اور فواد حسن فواد کا نام ای سی ایل میں شامل


اسلام آباد: نیب کی درخواست پر زلفی بخاری اور فواد حسن فواد کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کی آف شور کمپنیوں کی تحقیقات کررہا ہے اوراس کے لیے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال کر بیرون ملک جانے سے روکنے کی سفارش کی گئی تھی۔

جیونیوز کے مطابق وزارت داخلہ نے زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا ہے، زلفی بخاری کا نام نیب کی درخواست پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی منظوری کے بعد ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔

فواد حسن فواد کا نام بھی شامل

دوسری جانب سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کا نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد کا نام نیب کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے جس کی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے منظوری دی تھی۔

واضح رہےکہ نیب فواد حسن فواد کے خلاف آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کی تحقیقات کررہا ہے جب کہ فواد حسن فواد کو 5 جولائی کو نیب لاہور نے بیان ریکارڈ کرانے کے بعد گرفتار کیا تھا۔

مزید خبریں :