20 اگست ، 2018
واشنگٹن: امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو آئندہ ماہ اسلام آباد کا دورہ کریں گے، جہاں ممکنہ طور پر ان کی نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوگی۔
انٹرنیشنل میڈیا رپورٹس کے مطابق مائیک پومپیو بھارت جاتے ہوئے 5 ستمبر کو پاکستان آئیں گے۔
رپورٹس کے مطابق مائیک پومپیو، عمران خان سے ملاقات میں پاک-امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
مائیک پومپیو پہلے غیرملکی عہدیدار ہیں، جو نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے، جنہوں نے ہفتہ 18 اگست کو ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔
25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کامیابی کے بعد بھی امریکا نے پاکستان کی نئی منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ جنوبی ایشیا میں سیکیورٹی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے منتخب رہنماؤں سے مل کر کام کرنے کی راہ دیکھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات رواں برس کے آغاز میں اُس وقت کشیدگی کا شکار ہوگئے تھے، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم جنوری کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اسلام آباد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ 'ہم نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ملین ڈالر امداد دے کر حماقت کی جبکہ بدلے میں پاکستان نے ہمیں دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا'۔
اس کے بعد امریکا نے پاکستان کی امداد بند کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھانا شروع کردیئے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کی سیکیورٹی معاونت معطل کرنے کا اعلان کردیا جبکہ پاکستان کو مذہبی آزادی کی مبینہ سنگین خلاف ورزی کرنے والے ممالک سے متعلق خصوصی واچ لسٹ میں بھی شامل کردیا گیا۔
اس موقع پر امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نورٹ کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ اور افغان طالبان کے خلاف کارروائی تک پاکستان کی معاونت معطل رہے گی۔
دوسری جانب پاکستان نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، لیکن امریکا اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔