20 اگست ، 2018
لاہور: نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ ساتھ پاکستان سپر لیگ کی ذمے داریوں سے بھی فارغ ہوگئے ہیں جبکہ ان کے سب سے قریب تصور کی جانے والی ڈائریکٹر مارکیٹنگ اور پاکستان سپر لیگ کی پراجیکٹ ہیڈ نائیلہ بھٹی نے بھی اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔
پیر کی شب احسان مانی نے فون کرکے نجم سیٹھی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
احسان مانی اور نجم سیٹھی اچھے دوست ہیں اور نجم سیٹھی اب صحافت میں فل ٹائم آئیں گے۔
احسان مانی کو پاکستان سپر لیگ کے علاوہ پی سی بی اور پی ایس ایل کے نئے کمرشل رائٹس پر بھی کام کرنا ہوگا۔
ذمے دار ذرائع کے مطابق نائیلہ بھٹی نے دو دن قبل اپنی ذمے داریوں سے علیحدہ ہونے استعفی دے دیا تھا جبکہ نجم سیٹھی نے اتوار کی شب اپنے رفقاء کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا تھا۔
نائیلہ بھٹی گزشتہ چار سالوں کے دوران بورڈ میں سب سے با اثر افسر تصور کی جاتی تھیں۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ نجم سیٹھی کو ورلڈ کپ تک پی سی بی میں مشروط طور پر کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی انہیں بتایا گیا تھا کہ وہ نائیلہ بھٹی اور عثمان واہلہ کے بغیر کام کریں لیکن انہوں مشروط طور پر کام کرنے سے انکار کردیا۔
نجم سیٹھی کے قریب سمجھے جانے والےڈائر یکٹر میڈیا امجد بھٹی اور سنیئر جنرل منیجر عثمان واہلہ کو گھر جانا پڑے گا جبکہ ذاکر خان کی ڈائر یکٹر کی حیثیت سے پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں واپسی یقینی ہے۔
ذاکر خان دو سال سے او ایس ڈی تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ،بورڈ آف گورنرزکے رکن اعجاز عارف نے بھی اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔نجم سیٹھی کے استعفی کے چند گھنٹے بعد اعجاز عارف نے بھی بورڈ کو خیر باد کہہ دیا۔
اس طرح اب پی سی بی کے سر پر ست اعلی کی حیثیت سے عمران خان کو احسان مانی کے ساتھ ساتھ ایک اور نامزدگی کرنا ہوگی۔
اس وقت پی سی بی گورنرز بورڈ میں یوبی ایل کے منصور مسعود خان اور سیالکوٹ ریجن کی نشست بھی خالی ہےجبکہ سوئی سدرن گیس کو مفتاح اسماعیل کی جگہ کسی اور کو نامزد کرنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کے استعفی کے بعد بورڈ میں مزید لوگ اپنے عہدوں کو چھوڑ دیں گے۔
میڈیا، اور انٹر نیشنل کرکٹ ڈپارٹمنٹ کے علاوہ کئی اور لوگ اپنے عہدوں سے استعفی دینے کی تیاری کررہے ہیں۔