Time 09 ستمبر ، 2018
پاکستان

ملتان: طالب علم پر 20 سے زائد افراد کا بدترین تشدد، ویڈیو منظر عام پر آگئی


ملتان کی بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں طلبا تنظیموں کے جھگڑے کے دوران حریف تنظیم کی جانب سے ایک نہتے طالب علم کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

جیو نیوز کے پاس موجود ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہت کہ ایک تنظیم کے 20 سے 25 افراد نے ہاسٹل کے کمرے میں گھس کر حریف تنظیم کے ایک نہتے طالب علم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

نمائندہ جیو نیوز کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے دو طلبہ تنظیموں کے درمیان ہاسٹلز کے معاملات کو لیکر جھگڑے جاری تھے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ ویڈیو گزشتہ پیر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حملہ آوروں نے ہاسٹل میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور وہاں موجود چیزوں کو نقصان پہنچایا۔

یونیورسٹی انتظامیہ کا موقف ہے کہ آج چھٹی کی وجہ سے معاملہ رکا ہوا ہے، کل اس حوالے سے انکوائری ہوگی۔

ملتان پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے واقعے کا علم نہیں، یونیورسٹی انتظامیہ تحریری طور پر آگاہ کرے تو قانونی کارروائی کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے طالب علم پر تشدد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

مزید خبریں :