پاکستان
Time 12 ستمبر ، 2018

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ اولین ترجیح ہے: آئی جی سندھ کلیم امام


کراچی: نئے آئی جی سندھ کلیم امام نے شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ اولین ترجیح قرار دے دیا۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق نئے تعینات ہونے والے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کلیم امام نے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

سندھ پولیس کے دستے نے آئی جی کو سلامی پیش کی: فوٹو/ جیونیوز

ترجمان نے بتایا کہ سینٹرل پولیس آفس آمد پر ایڈیشنل آئی جی سندھ سمیت دیگر افسران نے کلیم امام کا استقبال کیا جب کہ سندھ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے نئے سربراہ کو سلامی دی۔

اس سے قبل ائیرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ کلیم امام نے کہاکہ پولیس کو بہتر کریں گے، بھرپور طریقے سے محنت کریں گے اور جرائم کا خاتمہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم اولین ترجیح ہے اس کو روکنے کی پوری کوشش کریں گے۔

آئی جی سندھ نے عوام سے تعاون کی بھی اپیل کی۔

واضح رہےکہ کلیم امام پنجاب پولیس کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے جب کہ امجد جاوید سلیمی آئی جی سندھ تعینات تھے تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے تین صوبوں کے آئی جی تبدیل کیے جانے کے بعد سندھ حکومت کی سفارش پر کلیم امام کو آئی جی تعینات کیا گیا۔

مزید خبریں :