Time 13 ستمبر ، 2018
پاکستان

کلثوم نوازکی میت لے کرشہبازشریف لاہور روانہ




قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف لندن سے بیگم کلثوم نواز کی میت لے کر پاکستان روانہ ہوگئے۔

بیگم کلثوم نواز کو آج لاہور میں نواز شریف کے والد میاں محمد شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

لندن سے روانگی سے قبل ریجنٹ پارک مسجد میں بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں حسن و حسین نواز، شہباز شریف، چوہدری نثار، اسحاق ڈار سمیت مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 

کلثوم نواز کی نماز جنازہ کے مناظر ۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب
پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بجے میت لاہور  روانہ کی جائے گی

کلثوم نواز کی میت پاکستانی وقت کے مطابق رات تقریباً 11 بجے ہیتھرو ایئرپورٹ سے  بذریعہ پی آئی اے پرواز لاہور روانہ کی جائے گی۔

نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف، ان کی چھوٹی صاحبزادی اسما اور صاحبزادے حسین نواز کے 2 بیٹوں سمیت خاندان کے دیگر افراد میت کے ساتھ آئیں گے۔

واضح رہے کہ کلثوم نواز کے صاحبزادے حسین اور حسن نواز پاکستان نہیں آئیں گے۔

کلثوم نواز کی میت پاکستان پہنچنے پر کل ان کی نماز جنازہ شریف میڈیکل کمپلیکس رائیونڈ میں شام 5 بجے ادا کی جائے گی جس کے بعد تدفین سسر میاں شریف کے پہلو میں ہوگی۔ 

لاہور کے شریف میڈیکل سٹی میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی

سابق وزیراعظم نواز شریف نے شریف میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں نماز جنازہ کے انتظامات کا جائزہ لیا جب کہ ان سے تعزیت کے لیے جاتی امرا آنے والوں میں سیاسی جماعتوں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

جاتی امرا میں پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کی نفری بھی موجود ہے۔

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل بھی تعزیت کے لیے جاتی امرا پہنچ گئے جب کہ مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفرالحق اور سابق وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود بھی جاتی امرا میں موجود ہیں۔ 

نواز شریف نے شریف میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں نماز جنازہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ فوٹو: پی ایم ایل این میڈیا سیل

مریم نواز خواتین کے پنڈال میں آنے والوں سے ملاقات کریں گی جب کہ مریم اورنگ زیب، سائرہ افضل تارڑ، عظمیٰ بخاری اور دیگر وہاں موجود ہیں۔ 

شہباز شریف گزشتہ رات لندن پہنچے تھے، اس موقع پر نواز شریف کے بیٹے حسین نواز چچا کو دیکھ کر فرط جذبات میں گلے لگ کر رو پڑے، شہباز شریف نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں بھتیجوں سے تعزیت کی۔

اس سے پہلے حسین نواز نے والدہ کا جنازہ پاکستان بھیجنے کےانتظامات کیے، اس سلسلے میں ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا سمیت ضابطے کی تمام کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

جاتی امرا میں موجود نواز شریف اور مریم نواز سمیت شریف خاندان کلثوم نواز کی میت کا منتظر ہے، جہاں تعزیت کے لیے آنے والوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی پیرول پر رہائی کی مدت میں اتوار (16 ستمبر) کی رات تک توسیع کر دی ہے، جو ایون فیلڈ ریفرنس کے سلسلے میں اڈیالہ جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔

مزید خبریں :