05 فروری ، 2012
اسلام آباد…وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کا کوئی بھی ممبر وزیراعظم کے لئے اہل ہے، وزیر اعظم کا عہدے ان کے لئے کچھ حیثیت نہیں رکھتا، اقتدار امانت ہے، اور وہ اصولوں پر کھڑے رہیں گے۔وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اسلام آباد میں قومی سیرت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا مدت پورا کرنا جمہوریت کے مفاد میں ہے، سینیٹ انتخابات روکنے کے لئے بہت سازشیں ہوئی اور ایک جماعت اس کے لئے عدالت سے رجوع کرچکی ہے،آزاد الیکشن کمیشن کو یقینی بنائیں گے، انتخابات میں دھندلی کے باعث ہمیشہ پیپلز پارٹی کو نقصان ہوا ہے اس لیے صاف شفاف انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صوبہ بنانے کے لئے کئی امور کا جائزہ لینا پڑتا ہے ، بہاولپور سمیت جنوبی پنجاب کو صوبہ بننا چاہیے ، سازشوں کے باوجود سرائیکی صوبہ بنانے کے لئے کام کریں گے ، سرائیکی صوبے کا مطالبہ آج کا نہیں پرانا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ توہین عدالت کا کیس ایک دن کا کام نہیں، یہ تو چلتا رہتا ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم پر امن مستحکم افغانستان چاہتے ہیں ، وہاں امن کے حق میں ہیں ، نیٹو سپلائی قومی مفاد میں بندکی ہے، کسی سے پوچھ کرنہیں کی ، نیٹو سپلائی کی بحالی پارلیمنٹ کی اجازت سے مشروط ہوگی ، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈی جی آئی ایس آئی کو شیخ رشید کے کہنے پر تو ایکسٹینشن نہیں دی۔