چینی قونصلیٹ حملہ: پولیس نے گرفتار 5 سہولت کاروں کا حملے میں ہی ریمانڈ نہ لیا

انسداد دہشت گردی عدالت کے منتظم جج نے پانچ روزہ ریمانڈ پر ملزمان کو ملیر پولیس کے حوالے کردیا—۔جیو نیوز اسکرین گریب

کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے میں ہلاک دہشت گردوں کے ساتھی اور سہولت کار ہونے کے الزام میں گرفتار 5 ملزمان کا پولیس نے حملے کے مقدمے میں ریمانڈ نہیں لیا بلکہ ان کے خلاف درج 5 نئی ایف آئی آرز کے تحت 5 روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا گیا۔

پانچوں ملزمان کی گرفتاری اور اسلحہ برآمدگی کے تمام نئے مقدمات سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر عرفان بہادر کے دفتر میں تعینات انسپکٹر خرم وارث کی مدعیت میں گلشن معمار تھانے میں درج کیے گئے، جن میں دہشت گردی اور دیگر دفعات عائد کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس 23 نومبر کو کراچی میں واقع چینی قونصلیٹ پر حملہ کیا گیا تھا، جس میں وہاں تعینات 2 پولیس اہلکاروں اور باپ بیٹے سمیت 4 افراد شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

 کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے گذشتہ روز بریفنگ کے دوران اس حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث 5 ملزمان کی گرفتاری ظاہر کی تھی، جن کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا تھا۔

ان ملزمان کی گرفتاری اور اسلحہ برآمدگی کے مقدمات کے مطابق ملزمان کو تیسر ٹاؤن نزد بلوچ گوٹھ خالی پلاٹ سے گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان احمد حسنین، نادر خان عرف عارف بلیدی، علی احمد، عبدالطیف اور اسلم گرفتاری سے قبل کراچی میں مزید دہشت گردی کے لیے موجود تھے۔

پولیس کے دعوے کے مطابق ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا تھا، جسے لانچ کے گیئربکس میں چھپا کر ریل گاڑی کے ذریعے کوئٹہ سے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔ 

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے پریس بریفنگ کے دوران ملزمان کو چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث ہلاک 3 دہشت گردوں کے ساتھی اور سہولت کار بتایا تھا، لیکن پولیس نے آج انسداد دہشت گردی کی عدالت سے قونصل خانے پر حملے کے مقدمے میں ملزمان کا ریمانڈ مانگا ہی نہیں بلکہ عدالت سے ان کے خلاف درج پانچ نئے مقدمات میں 14 دن کا ریمانڈ دینے کی استدعا کی تھی۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے منتظم جج نے پانچ روزہ ریمانڈ پر ملزمان کو ملیر پولیس کے حوالے کردیا۔

چینی قونصل خانے کے حملے کے مقدمے میں ریمانڈ نہ لینے کو پولیس حکام نے قانونی پیچیدگی ظاہر کیا ہے۔ 

ایک تفتیشی افسر نے بتایا کہ عدالت سے ملنے والے ریمانڈ کی حالیہ مدت کے دوران ملزمان سے سی ٹی ڈی پولیس تفتیش کرے گی جس کے بعد ملزمان کا چینی کونسل خانے کے مقدمے میں بھی ریمانڈ لیا جائے گا۔

مزید خبریں :