24 جنوری ، 2019
کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے نے آن لائن خریداری کی ویب سائٹ (او ایل ایکس) کے ذریعے نان کسٹم پیڈ یا چوری شدہ گاڑیاں جعلی کاغذات اور نمبر پلیٹ لگاکر بیچنے والا گروہ گرفتار کرلیا۔
او ایل ایکس جہاں شہریوں کی آسانی کیلئے ایک نعمت سے کم نہیں وہاں اس پر فراڈیے بھی موجود ہیں۔
ایف آئی اے سائبر کرائم نے 2 رکنی ایسے گروہ کو قابو کرلیا ہے جو اصل گاڑیوں جیسی نان کسٹم پیڈ یا چوری شدہ گاڑیاں جعلی کاغذات اور نمبر پلیٹ لگاکر بیچ دیتا تھا۔
دو دھوکے بازوں عمیر اور مظفر کو فیڈرل بی ایریا میں کارروائی کرکے گرفتار کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم سرکل یونس چانڈیو کے مطابق ملزمان کے خلاف اطلاع پر کارروائی کی، ایک شہری نے آکر اطلاع دی کہ اس نے او ایل ایکس پر گاڑی خریدی اور جب اسے اپنے نام کروانے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گیا تو وہاں معلوم ہوا کہ گاڑی کے کاغذات اور نمبر پلیٹس جعلی ہیں۔
اتنے بڑے جھٹکے کے بعد اس نے ایف آئی اے سے رابطہ کیا تو اس پر تحقیقات شروع کی گئیں۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان اصلی گاڑیوں جیسی گاڑیاں یعنی اُسی میکر، ماڈل اور کلر کی گاڑیوں کا انتظام کرتے جو نان کسٹم پیڈ یا چوری شدہ ہوتی، اس کے بعد ان گاڑیوں کے نہ صرف کاغذات بلکہ نمبر پلیٹس بھی جعلی بنائی جاتی اور پھر اس کا اشتہار او ایل ایکس پر ڈال دیا جاتا۔
اشتہار میں رابطہ نمبر بھی اپنا نہیں دیا جاتا بلکہ وہ دیا جاتا جو کسی اور کے نام پر رجسٹرڈ ہو یعنی اپنا کوئی نشان نہ چھوڑنا۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان نے کئی گاڑیاں بیچی اور رقم چیک یا پے آرڈر سے نہیں بلکہ نقد وصول کی تاکہ بینک سے بھی کوئی سراغ نہ لگایا جاسکے۔
ملزمان اپنی دانست میں بہت شاطر تھے پھر بھی ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے نہ صرف انہیں گرفتار کیا بلکہ مقدمہ درج کر کے تحقیقات کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گروہ کئی شوروم مالکان سے مل کر جعلسازی کے ذریعے گاڑیوں کی فروخت میں ملوث ہے اور ان سے جعلی دستاویزات پر فروخت ہونے والی گاڑیوں کا ڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے۔