24 جنوری ، 2019
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی جانب سے طلب کیے جانے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان ملاقات میں سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی کی جانب سے پیش کردہ ابتدائی رپورٹ پر بات ہوگی جب کہ وزیراعظم واقعے کے حوالے سے وزیراعلیٰ سے تفصیلات لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سانحہ ساہیوال کے حوالے سے وزراء کی جانب سے بیانات پر وزیراعظم شدید برہم ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو سانحہ ساہیوال کے بارے میں فوکل پرسن مقرر کرنے کی ہدایت کی جائے گی جب کہ وزیراعظم پولیس نظام میں اصلاحات سے متعلق بھی وزیراعلیٰ سے مشاورت کریں گے۔
وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کی ملاقات آج دوپہر ہونے کا امکان ہے۔