پاراچنار کے برف پوش پہاڑوں کے دامن میں امن مشاعرے کا انعقاد

پاراچنار کے سیاحتی مقام میکے میں پریس کلب کے زیر اہتمام امن مشاعرہ برف سے ڈھکے پاراچنار کے پہاڑوں میں چھ ہزار فٹ کی بلندی پر منعقد کیا گیا— فوٹو : علی افضل افضال

پاراچنار کے برف پوش پہاڑوں کے دامن میں امن مشاعرے کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر کے شعرا، سماجی رہنماؤں، قبائلی عمائدین اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔

پاراچنار کے سیاحتی مقام میکے میں پریس کلب کے زیر اہتمام امن مشاعرہ برف سے ڈھکے پاراچنار کے پہاڑوں میں چھ ہزار فٹ کی بلندی پر منعقد کیا گیا جس میں نوجوانوں کے ساتھ کثیر تعداد میں قبائلی عمائدین نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر شعراء یوسف گیلامن،عارف جان عارف، فخری بنگش، مہدی شاہ، معین باچا بنگش اور دیگر نے امن کے حوالے سے گرم گرم اشعار سنائے اور اپنے وطن سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

قبائلی عمائدین نے مشاعرے میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ اس قسم مثبت اقدامات سے ماحول پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔

عمائدین نے کہا کہ اس مشاعرے سے وہ بہت لطف اندوز ہوئے، اس طرح کے مشاعرے سے علاقے میں امن اور بھائی چارے کی فضا قائم ہوگی۔

اپنے خطاب میں مہمان خصوصی اور ضلع کرم کے ڈپٹی کمشنر محمد زبیر خان نے کہا کہ شدید سردی میں اس قسم کے مشاعروں کے انعقاد سے دنیا کے لیے پیغام جاتا ہے کہ یہاں کے لوگ امن پسند ہیں اور اپنے ملک سے والہانہ محبت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کرم کے لوگ امن چاہتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ ان کی فضا میں اس طرح کے مشاعرے اور نغمے بکھریں نہ کہ بارود اور گولیوں کی بوچھاڑ چاہتے ہیں۔

امن مشاعرے کا انعقاد پاراچنار پریس کلب نے مقامی شعراء کے تعاون سے کیا تھا۔ چیئرمین پریس کلب پاراچنار علی افضل افضال کا کہنا تھا کہ پریس کلب کی جانب سے سالانہ امن مشاعروں کا انعقاد کیا جاتا ہے جس کا مقصد علاقے میں امن و بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کے نمائندوں اور شعراء کی طرح زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد کو بھی امن کے حوالے سے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر علاقائی رقص کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

مزید خبریں :