کھیل
Time 14 فروری ، 2019

پی ایس ایل فور میں حیدرآباد کے تین کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے

صوبہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کے تین نوجوان کھلاڑی پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں اپنی صلاحتیوں کے جوہر دکھائیں گے۔

یہ کھلاڑی ملتان سلطانز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے محمد حسنین قریشی کا تعلق حیدرآباد کے علاقے لیاقت کالونی سے ہے۔

حسنین درمیانی رفتار سے گیند کرواتے ہیں جسے کرکٹ کی زبان میں میڈیم پیس بولر کہا جاتا ہے۔ حسنین کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بنے کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔

محمد حسنین قریشی پاکستان کی انڈر 16 اور انڈر 19 ٹیموں کی جانب سے آسٹریلیا، سری لنکا اور بنگلہ دیش میں انڈر 16 اور انڈر 19 ایشیا کپ میں اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔

حسنین گزشتہ پانچ سال سے انگلینڈ میں لیگ کرکٹ کھیل رہے ہیںم انہوں نے ناصرف اپنی میڈیم پیس بالنگ سے اچھے اچھے کھلاڑیوں کو آوٹ کیا بلکہ اپنی بیٹنگ کے جوہر دکھاتے ہوئے اپنی ٹیم کو میچز بھی جتواتے رہے ہیں۔

حیدر آباد کے د وسرے کھلاڑی نعمان علی ہیں جو ملتان سلطانز کے اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔

نعمان حیدرآباد کے علاقے لیبر کالونی سائٹ ایریا کے رہائشی ہیں۔ نعمان علی نے حالیہ قائد اعظم ٹرافی میں خان ریسرچ لیبارٹری، کے آر ایل کی طرف سے کھیلتے شاندار بالنگ کا مظاہر کیا اور 17 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

واضح رہے کہ قائد اعظم ٹرافی میں پی ٹی وی کے کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹر محمد عرفان 20 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست رہے تھے۔

نعمان علی نے دائیں ہاتھ سے اسپن بالنگ کرواتے ہوئے کئی نامور کھلاڑیوں کو نا صرف رن نہیں بنانے دیئے بلکہ ان کو آوٹ کر کے پولین کی راہ بھی دکھائی۔

حیدرآباد کے تیسرے کھلاڑی ابتسام شیخ ہیں جنہوں نے پاکستان سپر لیگ کے سیزن 3 میں پشاور زلمی کی طرف سے کھیلتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔

ابتسام نے پی ایس ایل کے چار میچوں میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ابتسام شیخ دائیں ہاتھ سے اسپن بالنگ کرواتے ہیں، اس با صلاحیت کھلاڑی کو اس سال بھی پشاور زلمی کے کپتان اور کوچ نے ٹیم میں شامل کیا ہے۔

تینوں کھلاڑیوں کے گھر والے اور دوست احباب سمیت حیدر آباد کے شہری ان کی کامیابی کے لیے دُعاگو ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے ان نوجوان کھلاڑیوں کو ان کی محنت کا صلہ دیا ہے۔

مزید خبریں :