28 فروری ، 2019
صوبہ سندھ میں دہشتگردی کی سنگین وارداتوں میں انتہائی مطلوب دو دہشتگرد حساس ادارے اور شکارپور پولیس کی کارروائی میں مارے گئے۔
حکام کے مطابق حساس ادارے اور شکارپور پولیس نے مصدقہ اطلاع پر بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے ڈھاڈھر میں کارروائی کی جس میں انتہائی مطلوب دو دہشتگرد مقابلے میں مارے گئے۔
مقابلے میں مارے گئے دہشتگردوں کی شناخت کالعدم داعش پاکستان سندھ کے امیر عبداللہ بروہی اور داعش پاکستان سندھ کے نائب امیر حفیظ پندرانی کے نام سے ہوئی، مقابلے میں حصہ لینے والی ٹیم کا خوش قسمتی سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
حکام نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کے سرکی قیمت 2 کروڑ روپے تھی، دہشتگردوں کے قبضے سے 4 ہینڈگرینیڈ، 2 کلاشنکوف اور 2 ٹی ٹی پسٹول برآمد ہوئے۔
مقابلے میں مارے جانے والے دہشتگرد شکارپور کی کربلا مولا امام بارگاہ دھماکے، ڈاکٹر محمد ابراہیم جتوئی پر ناکام خودکش دھماکے، حاجن شاہ ماڑی بم دھماکے، تین سال قبل عید قربان پر خانپور میں نماز عید کے اجتماع پر ناکام خودکش حملوں اور سہون میں قلندر لعل شهباز درگاہ پر بم دھماکے میں ملوث تھے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ عبداللہ بروہی داعش کے امیر سے ملاقات بھی کر چکا تھا۔
آئی جی سندھ نے شکارپور پولیس کے لیے 20 لاکھ روپے کا انعام کا اعلان کیا بھی ہے۔