06 فروری ، 2012
لندن… متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لاہور کے حسن ٹاؤن میں واقع ادویات کی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کے باعث خواتین ، نوجوانوں ، بچوں سمیت متعدد افراد کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس افسوسناک سانحہ کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔ لندن سے جاری اپنے ایک بیان میںان کا کہنا تھا کہ لاہور کے رہائشی علاقے حسن ٹاؤن میں واقع ادویات کی فیکٹر ی مجرمانہ غفلت ہے انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس افسوسناک سانحہ کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے اور جو لوگ اس میں ملوث انہیں گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ حسن ٹاؤن میں فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کا سانحہ بڑا ہے ،ایم کیوایم لاہور زون کے تمام کارکنان اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکاروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ فی الفور جائے حادثہ پر پہنچے اور حتی المقدور انسانی جانوں کو بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ جائے حادثہ پر پہنچ کر اپنی نگرانی میں تمام امدادی کام مکمل کرائیں اور ملبے تلے دبے ہوئے افراد کو نکلوائیں اور زندہ افراد کو موت میں جانے سے روکیں۔ انہوں نے فیکٹری کے ملبے تلے دب کر شہید ہونے والے افراد کے بلندر درجات اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔