کھیل
Time 10 مارچ ، 2019

کراچی نے کوئٹہ سے جیتی بازی چھین لی، پلے آف کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا

کراچی کنگز کے کھلاڑی میچ جیتنے کے بعد چشن منا رہے ہیں۔ فوٹو: پی ایس ایل

کراچی: پاکستان سپر لیگ فور کے 28 ویں میچ میں کراچی کنگز نے دلچسپ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک رن سے شکست دیکر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

کراچی کی جانب سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور کولن منرو نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 69 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

کنگز کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کولن منرو تھے جو 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لونگ اسٹون 5 اور کولن انگرام 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بین ڈنک بھی 18 رنز بنا سکے۔

بابراعظم اعظم نے 56 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جب کہ آخری اووز میں افتخار احمد نے بھی 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز کا ٹوٹل اسکو بورڈ پر سجایا۔

کوئٹہ کی جانب سے محمد حسنین نے وکٹیں حاصل کیں جب کہ سہیل تنویر، فواد احمد اور محمد نواز کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز شین واٹسن اور احمد شہزاد نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 68 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

شین واٹسن 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ رلی روسو بھی صرف 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عمر اکمل نے بھی 27 رنز کی اننگز کھیلی۔

آخری اوور میں کوئٹہ کو جیت کے لیے 5 رنز درکار تھے اور اس کی 6 وکٹیں باقی تھیں لیکن عثمان شنواری نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ان فارم احمد شہزاد کو 99 رنز پر آؤٹ کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر انور علی بھی کیچ آؤٹ ہو گئے۔

دو گیندوں پر تین رنز درکار تھے لیکن کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد بھی عثمان شنواری کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

عثمان شنواری نے آخری اوور میں 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فوٹو: پی ایس ایل

آخری گیند پر کوئٹہ کو جیت کے لیے تین اور برابر کے لیے دو رن درکار تھے لیکن سہیل تنویر گیند کو ہٹ نہ کر سکے اور صرف ایک ہی رن بن سکا۔

اس طرح کراچی کنگز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے جیتی ہوئی بازی چھین کر پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی چوتھی ٹیم بن گئی۔

عمر خان نے 4 اوورز میں 26 رنز دیکر 3 جب کہ عثمان شنواری نے 43 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزید خبریں :