دنیا
Time 15 اپریل ، 2019

ٹرمپ کی بوئنگ کمپنی پر تنقید، میکس طیاروں میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا مشورہ

پے درپے جان لیوا حادثات کے باعث بوئنگ کمپنی کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایئرلائن کمپنی بوئنگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے میکس 737 طیاروں میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

بوئنگ کے میکس 737 طیارے یکے بعد دیگرے بڑے حادثات کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

گزشتہ برس اکتوبر میں انڈونیشیا میں بوئنگ کمپنی کا میکس 737 طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا تھا جس میں 189 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

رواں برس مارچ میں بھی ایتھوپیا میں بوئنگ کمپنی کا طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 157 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

پے درپے جان لیوا حادثات کے بعد متعدد ممالک نے بوئنگ کمپنی کے میکس 737 طیاروں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی بوئنگ کمپنی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ میں برانڈنگ کے حوالے سے شاید کچھ نہیں جانتا لیکن میں صدر بن چکا ہوں، اگر میں بوئنگ میں ہوتا تو میکس 737 طیاروں کے خرابیوں کو دور کرتا، ان میں کچھ زبردست نئے فیچرز ڈالتا اور ان طیاروں کو نئے نام کے ساتھ مارکیٹ میں پیش کرتا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میکس 737 کی طرح کوئی دوسری پراڈکٹ متاثر نہیں ہوئی لیکن میں کیا کر سکتا ہوں۔

امریکی صدر اس سے قبل بھی بوئنگ کمپنی کے میکس طیاروں کے حادثے سے متعلق بیان دے چکے ہیں۔

انہوں نے ایتھوپیا میں میکس 737 طیارے کے حادثے کے بعد اپنے بیان میں کہا تھا کہ آج ایئرلائنز کے طیاروں میں سفر کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے، پائلٹس کی جگہ ایم آئی ٹی (میساچوسٹس انسٹیٹوٹ آف ٹیکنالوجی) کے کمپیوٹر سائنٹسٹ کی ضرورت ہے، میں نے بہت کی پراڈکٹس میں انہیں دیکھا ہے۔

مزید خبریں :