چینی شہری سے دھوکہ کھانے والی مزید دو خواتین سامنے آگئیں

چینی شوہر کم کپڑے پہننے کیلئے دیتا اور اپنے دوستوں سے دوستی کا کہتا تھا، متاثرہ لڑکی کے انکشافات— فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

چینی شہری سے شادی کرنے والی مزید دو خواتین سامنے آگئیں، متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ چینی لڑکے کا رشتہ ماموں لائے تھے، ماموں میرج بیورو کا کام کرتے ہیں، ان پر شک نہیں، چینی شوہر اسے اپنے دوستوں سے دوستی کا کہتا تھا، شوہرکا باس مسٹرسانگ ہے،جس کو پاکستانی ساتھی سمیت گرفتار کرایا ہے۔

چینی شہریوں کی پاکستانی خواتین سے شادی کا اسکینڈل مزید وسیع ہوتا جارہا ہے۔ چینی شہری کی متاثرہ راولپنڈی کی بینش بھی سامنے آگئی۔ بینش نے انکشاف کیا ہے کہ چینی شوہر مجھے کم کپڑے پہننے اور اپنے دوستوں سے دوستی کا کہتا تھا۔

بینیش نے مزید بتایا کہ شادی کا تمام خرچ ہم نے کیا تھا، چینی لڑکے کا رشتہ ماموںٕ لائے تھےجو میرج بیورو کا کام کرتے ہیں، ہمیں ان پر شک نہیں تھا۔

بینیش کے مطابق چینیوں کا یہاں پر باس مسٹر سانگ ہے، سانگ کو اس کے پاکستانی ساتھی کے ہمراہ اپنے گھر بلوا کر گرفتار کروایا، اس معاملے میں ایف آئی اے نے بہت تعاون کیا۔

اس کے علاوہ گوجرانوالہ میں بھی چینی گروہ سے متاثرہ ایک لڑکی سامنے آئی ہے جس نے اپنے چینی شوہر کیخلاف کاروائی کیلئے تھانے میں درخواست دی ہے۔

گوجرانوالہ کےعلاقہ فرانسیس آباد کی رہائشی رادیکا نے تھانہ صدر میں دی گئی تحریری درخواست میں کہا ہے کہ اس کے محلے دار دو افراد نے اس کی شادی چینی شہری سن وو سے طے کروائی تھی۔

رادیکا کے مطابق شادی کے بعد وہ شوہر کے ساتھ اسلام آباد چلی گئی جہاں اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

متاثرہ لڑکی اسلام آباد سے بھاگ کر گھر پہنچی ہے، لڑکی کی درخواست پر پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق فرانسیس آباد کے رہائشی پرویز اور کرامت نے رادیکا کے والد کو شادی کے عوض پیسے دیے تھے۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید خبریں :