09 اگست ، 2012
کوئٹہ…کوئٹہ میں 900ملین ڈالر کی لاگت سے 300میگاواٹ کابجلی گھرتیار کرنے کیلئے شمسی توانائی کی کوریائی کمپنی اورحکومت بلوچستان کے درمیان اسلام آبادمیں معاہدہ طے پاگیا۔ حکومت بلوچستان کی طرف سے ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ توانائی کلیم اللہ خان نے جبکہ کوریائی کمپنی سی ایکس سولر (CX solar) کی جانب سے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر چوئی مون سوک نے دستخط کئے،اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے کہاکہ یہ ایک عظیم منصوبہ ہے اوراتنی بڑی سرمایہ کاری کاآنااس بات کاثبوت ہے کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال سرمایہ کاری میں کوئی رکاوٹ نہیں اورسرمایہ کارحکومت بلوچستان پر اعتماد کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس منصوبے کی تکمیل سے زرعی وصنعتی شعبے پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے،کوریائی کمپنی سی ایکس سولر کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹرچوئی مون سوک نے بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال پراطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہیں اس حوالے سے کوئی خدشہ درپیش نہیں،انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی کمپنی بلوچستان میں دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنے کاجائزہ لیگی۔