10 اگست ، 2012
تہران …پاکستان نے کہا ہے کہ شام میں بیرونی مداخلت پہلے سے خراب صورت حال کو مزید پیچیدہ کردے گی یہ بات وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے تہران میں شام کے موضوع پر مشاورتی وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے شامی حکومت اور اپوزیشن گروپوں پر زور دیا کہ وہ عوام کی سلامتی کے لئے تحمل سے کام لیں۔ شام میں عدم استحکام کے پورے خطے ، مسلم امہ اور دنیا کے لئے سنگین نتائج برامد ہوں گے۔ یہی وقت ہے کہ شام میں خوں ریزی روکنے کے لئے مسئلے کا سب کے لئے قابل قبول حل تلاش کیا جائے۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ شام کے بارے میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کوفی عنان کے استعفے سے پاکستان کو شدید مایوسی ہوئی ہے۔ کوفی عنان کے چھ نکاتی منصوبے سے شام میں امن کی امید پیدا ہوگئی تھی۔