10 اگست ، 2012
کوئٹہ… مغوی ڈاکٹرغلام رسول کی عدم بازیابی کے خلاف سرکاری و نجی اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال دسویں روز بھی جاری ہے جہاں او پی ڈیز بند ہونے اور وارڈز میں ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلا ت کا سامنا ہے۔معروف ماہر نفسیات ڈاکٹرغلام رسول کے اغواء کو دس روز گزرگئے،تاہم ان کا تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکاجس کے بعد ڈاکٹروں کی نجی و سرکاری اسپتالوں میں ہڑتال جاری ہے،جہاں او پی ڈیز بند ہیں اور وارڈز میں بھی ڈاکٹرز موجود نہیں جبکہ مین آپریشن تھیٹرز اور گائنی وارڈز میں لیبر رومز بھی بند ہیں ،دوسری جانب ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔پی ایم اے بلوچستان کے رہنماوں نے حکومت کی جانب سے ڈاکٹر غلام رسول کی بازیابی کیلئے کوئی کوشش نہ کئے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حکو مت خامو ش تماشائی بنی ہوئی ہے ڈاکٹر غلام رسول کی بازیابی کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہر گزرتے دن کیساتھ انکے اہلخانہ کی پریشانیوں میں اضافہ ہو تا جا رہاہے۔