10 اگست ، 2012
اسلام آباد … جمعیت علمائے اسلام ف کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ الیکشن کی بجائے 3 سالہ عبوری سیٹ اپ کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کو بھی گھر بھیج دیا گیا تو راہ ہموار ہو جائے گی۔ پارلیمنٹ ہاوٴس میں میڈیاسے بات کرتے ہوئے عبدالغفور حیدری نے کہا ان کی اطلاعات کے مطابق الیکشن کرائے بغیر 3 سال کی حکومت کی منصوبہ بندی اب بھی کی جا رہی ہے، حکومت اور عدلیہ کے کھڑے کئے گئے مسائل کا حل فوری عام انتخابات ہیں، لیکن کچھ بڑی جماعتیں انتخابات کا التواء چاہتی ہیں۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جب تک جماعت اسلامی عمران خان اور ن لیگ سے مایوس نہیں ہو جاتی، وہ ایم ایم اے کی بحالی کی راہ میں رکاوٹ رہے گی۔ مولانا غفور حیدری نے کہا کہ پارلیمنٹ کو قانون سازی کا اختیار حاصل ہے، اگر سپریم کورٹ کو توہین عدالت قانون پر اعتراض تھا تو معاملہ واپس پارلیمنٹ کو بھیج دیتی، اسے کالعدم قرار دینا مناسب نہیں۔