وزیراعظم نے علی جہانگیر کو بیرونی سرمایہ کاری کیلئے اعزازی سفیر مقرر کردیا

علی جہانگیر صدیقی امریکا میں پاکستان کے سفیر رہے ہیں اور وہ گزشتہ سال ہی اپنے عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے — فوٹو:فائل 

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان  نے امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر علی جہانگیر صدیقی کو بیرونی سرمایہ کاری کے لیے اعزازی سفیر مقرر کردیا۔

علی جہانگیر صدیقی کو گزشتہ برس 8 مارچ کو امریکا میں پاکستانی سفیر نامزد کیا گیا تھا، انہوں نے 30 مئی کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔

تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ سال ہی دسمبر میں انہیں عہدے سے ہٹادیا تھا لیکن اب انہیں نئی ذمہ داری دی گئی ہے۔

وزیراعظم نے علی جہانگیر صدیقی کو بیرونی سرمایہ کاری کے لیے اعزازی سفیر مقرر کیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق علی جہانگیر صدیقی کی تقرری 13 جون 2019 سے نافذالعمل ہے۔

یاد رہے کہ علی جہانگیر صدیقی کی امریکا میں بطور سفیر تقرری کے خلاف اس وقت تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے نامزد نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کو خط لکھا تھا۔

— فوٹو: جیو نیوز 

خط میں کہا گیاتھا کہ علی جہانگیر کی تقرری متنازع ترین فیصلہ ہے، وہ سفارتکاری اور بین الاقوامی امور کا کوئی تجربہ نہیں رکھتے۔

خط میں کہا گیا کہ دنیا کے اہم ترین سفارتی مقام پر ان کی تعیناتی قومی مفادات کے خلاف ہے، قومی احتساب بیورو بھی ان کے خلاف بدعنوانی کے معاملات کی تحقیقات کر رہا ہے۔

مزید خبریں :