کھیل

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کپتان سرفرازاحمد پراعتماد کا اظہار

لڑکے کپتان کے ساتھ کھڑے ہیں، ڈانٹ ڈپٹ ہوتی رہتی ہیں لیکن گروپنگ نہیں ہے: پی سی بی ترجمان — فوٹو:فائل  

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کی بدترین کارکردگی کے باوجود کپتان سرفراز احمد پر اعتماد کا اظہار کردیا۔

ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی کے بعد ٹیم کی سلیکشن، کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی اور آپس کے اختلافات زیر بحث ہیں۔ 

ایسے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق کھلاڑیوں اور کپتان سرفراز احمد میں جھگڑے، اختلافات اور گروپنگ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں لہٰذا میڈیا غیر ضروری قیاس آرائیاں کررہا ہے۔

پی سی بی نے سرفراز احمد کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  لڑکے کپتان کے ساتھ کھڑے ہیں، ڈانٹ ڈپٹ ہوتی رہتی ہیں لیکن گروپنگ نہیں ہے، ٹیم ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کرنا چاہتی ہے اور ورلڈ کپ کے بقیہ چار میچوں میں اچھی کارکردگی دکھاکر اپنے ناقدین کو غلط ثابت کرے گی۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ فائنل 14جولائی کو ہوگا جس کے ساتھ ہی آئی سی سی کی سالانہ میٹنگ ہوگی جس میں چیئرمین احسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان شرکت کریں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ چیئرمین اور ایم ڈی پی سی بی 20 جولائی کو وطن واپس آئیں گے جس کے بعد پی سی بی انتظامیہ ٹیم کی کارکردگی، نئی ٹیم اور نئی سلیکشن کمیٹی پر غور ہوگا اس سے پہلے اس پر کوئی بات نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ کوچ مکی آرتھر اور انضمام الحق سمیت دیگر کوچز اور سلیکٹرز کے عہدوں کی معیاد 15 جولائی تک ہے۔

مسلسل تنازعات اور تنقید میں گھری ہوئی پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ریسکیو کے لیے بھی پی سی بی میدان میں کود گیا ہے، ترجمان کے مطابق مکی آرتھر اور سینئر کرکٹرز میں اختلاف کی خبریں بھی غلط ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم کی حالیہ دور میں بدترین کارکردگی بورڈ حکام کی نیندیں اڑا دینے کے لئے کافی ہے، مکی آرتھر سمیت دیگر کوچز کی کوچنگ میں پاکستانی ٹیم گزشتہ 19 میں سے صرف 3 میچ ہی جیت سکی ہے جس نے دو میچ جنوبی افریقا اور ایک ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف جیتا ہے۔

ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ماہرین کا خیال ہے کہ پاکستانی کرکٹ سسٹم کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :