22 جون ، 2019
لندن: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کپتان سرفراز احمد کو برا بھلا کہنے والے لڑکے کے خلاف کارروائی کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رابطہ کرلیا۔
ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی اور بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ انگلینڈ میں ہراسانی کے مختلف واقعات پیش آئے ہیں، کپتان سرفراز احمد کے ساتھ بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا ہے۔
اس صورتحال کے بعد پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر ہوٹل سے باہر نہ جائیں اور سیکیورٹی آفیسر کو بتائیں کہ وہ کہاں جانا چاہتے ہیں لیکن کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ زیادہ وقت ہوٹل میں رہیں اور کرکٹ پر فوکس کریں۔
دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے منیجر طلعت علی نے انکشاف کیا ہے کہ سرفراز احمد کو برا بھلا کہنے والے پاکستانی لڑکے کے خلاف کارروائی کیلئے آئی سی سی سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان پر نازیبا جملے کسنے پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا ہے اور سوشل میڈیا پر لوگوں نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے، وہیں نازیبا الفاظ کہنے والے نوجوان نے جھوٹ بول کر معافی مانگ لی ہے۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ اس نے ویڈیو ڈیلیٹ کردی تھی معلوم نہیں کیسے اپ لوڈ ہوگئی۔
اُدھر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جذباتی پریس کانفرنس میں سوشل میڈیا اور میڈیا کے بارے میں کھل کر اظہار خیال کیا۔
سابق کرکٹرز کی تنقید پر وہ محتاط دکھائی دیئے لیکن سرفراز احمد نے شائقین کو مشورہ دیا کہ وہ ایسی غلط روایات قائم نہ کریں جس سے ہمارے لیے اور آپ کیلئے مسائل پیدا ہوں گے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان پہلی بار ورلڈ کپ میں نہیں ہارا لیکن بھارت کے خلاف خراب کارکردگی پر ہمیں جس طرح تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، وہ افسوس ناک ہے۔
جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈپلویسی پاکستان کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس میں نہیں آئے تاہم ان کی عدم موجودگی میں ایڈن مارکرم نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم پیچھے دیکھنے کی بجائے آگے کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا کی ٹیم ورلڈکپ میں کچھ میچ جیت کے قریب پہنچ کر ہاری ہے لیکن ٹیم کی تمام توجہ ورلڈکپ کے باقی تین میچز پر مرکوز ہے، ٹیم کا اعتماد ہی کسی میچ میں کامیابی کیلئے بہت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف میچ ہمارے لیے ایک اہم میچ ہوگا اور پاکستان کے ٹاپ بیٹنگ آرڈر پر بھرپور اٹیک کریں گے، پاکستان کا بولنگ اٹیک اچھا ہے، فاسٹ بولر محمد عامر بھی اچھی بولنگ کروا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ اتوار کو لارڈز میں ہوگا، دونوں ٹیموں کے 3، 3 پوائنٹس ہیں۔