پاکستان
Time 02 جولائی ، 2019

’عمران نیازی نے ظالمانہ بجٹ اور ہڑتالوں سے توجہ ہٹانے کیلئے رانا ثنا کو گرفتار کرایا‘


مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے وزیراعظم کو ملک کے لیے عذاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نیازی نے ظالمانہ بجٹ اور ہڑتالوں سے توجہ ہٹانے کے لیے رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرایا۔

لاہور میں مسلم لیگ ن کے اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری زیادتی، ظلم اور جبر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ رانا ثناءاللہ میرے ساتھ 10 برس تک کام کرتے رہے، عمران نیازی نے رانا ثناءاللہ پر جھوٹے الزامات لگا دیئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں لیکن ان ہتھکنڈوں سے ہم پریشان نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ظالمانہ بجٹ اور ہڑتالوں سے توجہ ہٹانے کے لیے رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرایا۔

ن لیگی رہنماؤں کی وزیراعظم سے ملاقات سے متعلق سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان سے ملنے والےمسلم لیگ ن کے ارکان سے باز پرس کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کمیٹی بنا دی ہے اور ان ارکان کو نوٹس بھجوا رہے ہیں کہ کیا وجہ تھی کہ یہ لوگ عمران خان سے ملے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور سے فیصل آباد جاتے ہوئے موٹر وے پر سکھیکی کے مقام پر انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کو گرفتار کیا تھا۔

آج رانا ثناء اللہ کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

مزید خبریں :