پاکستان
Time 11 جولائی ، 2019

تاجر برادری کی طرف سے ہڑتال کا کوئی جواز نہیں بنتا: چیئرمین ایف بی آر

تاجروں کے مسائل کو طریقے سے ہینڈل کرنا ہے، کامیاب ہو گئے تو ٹھیک ورنہ اللہ مالک ہے: شبر زیدی۔ فوٹو: فائل

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ تاجر برادری کی طرف سے ہڑتال کا کوئی جواز نہیں ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبر زیدی کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں لیکن مسائل کی گہرائی بہت زیادہ ہے۔

شبر زیدی کے مطابق تاجروں کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ کی شرط ختم کر دیں تو باقی سب مان جائیں گے، ہمیں کوئی ڈیڈلاک نہیں پیدا کرنا، مسائل کو طریقے سے ہینڈل کرنا ہے، کامیاب ہو گئے تو ٹھیک ورنہ اللہ مالک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی کوئی انڈسٹری بند نہیں ہے اور تاجر برادری کی جانب سے ہڑتال کا کوئی جواز نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تاجروں کے معاملے پر فرنٹ پر کوئی ہے، بیک پر کوئی اور ہے، ہم سب معاملات کو بخوبی سمجھتے ہیں۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ جو بےنامی جائیدادیں رکھیں گے انہیں سیکشن 114 کے تحت نوٹس جاری ہو گا۔

خیال رہے کہ تاجروں نے نئے مالی سال میں ٹیکسز کے خلاف 13 جولائی سے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔

پشاور میں نان بائی ایسوسی ایشنز نے بھی غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ لاہور میں نان بائیوں نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر رکھا ہے۔

مزید خبریں :