Time 25 جولائی ، 2019
پاکستان

25 جولائی 2018 کو ہم پر سلیکٹڈ حکومت مسلط کی گئی، بلاول بھٹو

سلیکٹڈ حکومت نے جینا حرام کردیا ہے، عوام پر مہنگائی کا بم گرادیا، چیئرمین پیپلز پارٹی کا یوم سیاہ جلسے سے خطاب— فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے 25 جولائی 2018 کو ہم پر سلیکٹڈ حکومت مسلط کی گئی۔

عام انتخابات کو ایک سال مکمل ہونے پر اپوزیشن جماعتوں نے ملک بھر میں یوم سیاہ منایا۔ اس سلسلے میں کراچی کے مزار قائد پر جلسہ منعقد کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے جینا حرام کردیا ہے، عوام پر مہنگائی کا بم گرادیا۔

جلسے سے عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پارلیمان سے تو باہر کیا گیا مگر عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا، عام انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گنتی کے وقت پولنگ کے عملے سے اختیارات لے لیے گئے تھے، وزیراعظم نے خود سلیکٹڈ کہنے پر قومی اسمبلی میں ڈیسک بجایا تھا، ہمیں پارلیمان سے تو باہر کیا گیا مگر عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا، انتقامی کارروائیاں کرنے والوں کو خبردار کرتا ہوں اتنا ظلم کریں جتنا وہ خود برداشت کرسکیں۔

خیال رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات کے ایک سال مکمل ہونے پر اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان بھر میں یوم سیاہ منانے اور احتجاجی جلسوں کا اعلان کیا تھا۔

اس سلسلے میں پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں جلسوں کا انعقاد کیا گیا۔ پشاور میں مولانا فضل الرحمان، اسفند یار ولی، آفتاب شیر پاؤ و دیگر سیاسی رہنما شریک ہوئے۔

کراچی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزار قائد پر جلسہ کیا۔ کوئٹہ میں منعقدہ احتجاجی جلسے میں مریم نواز اور محمود خان اچکزئی مرکزی رہنما تھے۔

اس کے علاوہ لاہور میں احتجاجی جلسے کی قیادت صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کی۔

دوسری جانب عام انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا، مختلف شہروں میں تقاریب منعقد کی گئیں، کیک اورمٹھائیوں سے منہ میٹَھے کرائے گئے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعون نے کہا کہ عوام نے عمران خان کو احتساب کا جو مینڈیٹ دیا آج اُس کی فتح کا دن ہے، لوٹ مار کرنے والے سیاسی لوگ عبرت کا نشان بن رہے ہیں۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج کے دن عوام نے عمران خان کی قیادت میں مافیا کو تاریخی شکست دی، سفر کٹھن، راہ گزر کانٹوں سے پُر اور سنگلاخ لیکن منزل ایک ترقی کرتا پاکستان۔

مزید خبریں :